دیر: زخمی پولیس اہلکار کے ساتھی پولیس اہلکار کا وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے سامنے جذباتی شکوہ، “ہمارے لیے بھی اتنا کریں جتنا ہم نے ریاست کے لیے کیا” ویڈیو وائرل

دیر: زخمی پولیس اہلکار کے ساتھی پولیس اہلکار کا وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے سامنے جذباتی شکوہ، “ہمارے لیے بھی اتنا کریں جتنا ہم نے ریاست کے لیے کیا” ویڈیو وائرل

دیر: دیر میں زخمی پولیس اہلکار کے ساتھی پولیس اہلکار نے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کے سامنے اپنے پیشہ ورانہ اور مالی مسائل جذباتی انداز میں بیان کیے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔

ویڈیو میں پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ زخمی اور شہید اہلکاروں کو بروقت مدد فراہم نہ کیے جانے کے باعث قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا، “یہاں کھڑے ہیلی کاپٹر بھی عوام کے پیسوں سے خریدے گئے ہیں۔ میرے ساتھیوں کا خون بہتا رہا، دو جوان صرف اس لیے شہید ہو گئے کہ بروقت مدد نہیں پہنچ سکی۔”

پولیس اہلکار نے حکومت کی جانب سے ملنے والے راشن الاؤنس کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں صرف ایک ہزار روپے راشن الاؤنس دیا جاتا ہے، جو موجودہ مہنگائی کے تناظر میں انتہائی کم ہے۔

انہوں نے مزید کہا، “میں تھانیدار ہوں، میری تنخواہ 94 ہزار روپے ہے۔ پیٹرول اور گاڑی کے اخراجات کیسے پورے کروں؟ گاڑی کی مد میں آٹھ لاکھ روپے کا قرض دار ہوں۔”

وزیرِ اعلیٰ سے مخاطب ہوتے ہوئے اہلکار نے کہا، “آپ ہمارے بڑے ہیں، اللہ تعالیٰ آپ سے ہمارا بھی پوچھے گا۔ ہم نے ہر مشکل وقت میں ڈیوٹی دی، سیاسی ادوار میں بھی مشکلات برداشت کیں، جیل گئے، تشدد بھی برداشت کیا۔ اگر زیادہ نہیں کر سکتے تو کم از کم اتنا سہارا ضرور دیں جتنا ہم نے اس ریاست کے لیے دیا ہے۔”

زخمی اہلکار کے ساتھی کی اس گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں، الاؤنسز، فلاح و بہبود اور آپریشنل سہولیات سے متعلق نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ تاہم حکومتی سطح پر اس بیان پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

ویب سائٹ |  متعلقہ پوسٹ