پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی مزید تنزلی کا شکار، دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار
اسلام آباد: ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی ایک درجہ تنزلی کے بعد 101ویں نمبر پر آ گئی ہے، جبکہ یہ دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ بھی قرار پایا ہے۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس دنیا کے 199 پاسپورٹس کا 227 ممالک اور علاقوں تک بغیر پیشگی ویزا یا ویزا آن ارائیول کی بنیاد پر جائزہ لیتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مئی میں پاکستانی شہری 30 ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کے ساتھ سفر کر سکتے تھے، تاہم جولائی میں یہ تعداد کم ہو کر 29 ممالک رہ گئی، جس کے باعث پاکستان کی درجہ بندی 100 سے گر کر 101ویں نمبر پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی، روانڈا، گیمبیا، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، وانواتو سمیت چند دیگر ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں، جبکہ مالدیپ، نیپال، کمبوڈیا، مڈغاسکر، موزمبیق، سینیگال، ساموا اور دیگر کئی ممالک ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
اس سال قطر، کیپ ورڈے جزائر اور موزمبیق نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت ختم کر دی، جس سے پاکستان کی درجہ بندی مزید متاثر ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت صرف شام، عراق اور افغانستان کے پاسپورٹ پاکستان سے کمزور ہیں، جبکہ یمن ایک درجہ بہتری کے ساتھ پاکستان سے اوپر آ گیا ہے۔
دوسری جانب سنگاپور مسلسل دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ برقرار ہے، جہاں کے شہری 192 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر دوسرے جبکہ سویڈن تیسرے نمبر پر ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان کی درجہ بندی میں کچھ بہتری آئی ہے، تاہم ملک اب بھی عالمی فہرست کے نچلے حصے میں شامل ہے۔ 2021 میں پاکستان 107ویں، 2022 میں 109ویں اور 2023 اور 2024 میں 100ویں نمبر پر رہا تھا، جبکہ اب یہ 101ویں نمبر پر آ گیا ہے۔