جانسن اینڈ جانسن 5.5 ارب ڈالر میں بیبی پاؤڈر سے متعلق ہزاروں مقدمات نمٹانے پر تیار

جانسن اینڈ جانسن 5.5 ارب ڈالر میں بیبی پاؤڈر سے متعلق ہزاروں مقدمات نمٹانے پر تیار

نیویارک: امریکی کمپنی جانسن اینڈ جانسن (J&J) نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے بیبی پاؤڈر اور دیگر ٹیلک مصنوعات سے متعلق تقریباً 76 ہزار مقدمات نمٹانے کے لیے 5.5 ارب ڈالر ادا کرے گی۔

یہ مقدمات ان خواتین کی جانب سے دائر کیے گئے تھے جن کا مؤقف تھا کہ کمپنی کے ٹیلک بیبی پاؤڈر کے استعمال سے انہیں اووری (بیضہ دانی) کا کینسر ہوا۔

کمپنی نے ان الزامات کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی ٹیلک مصنوعات محفوظ تھیں اور ان میں کوئی نقصان دہ مادہ موجود نہیں تھا۔ تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ برسوں سے جاری قانونی تنازع ختم کرنے کے لیے یہ معاہدہ کر رہی ہے۔

اس معاہدے کے تحت اگر 95 فیصد متاثرہ خواتین رضامند ہو جاتی ہیں تو یہ تصفیہ حتمی ہو جائے گا۔

کمپنی کے مطابق 3 ارب ڈالر کی ادائیگی 2027 میں کی جائے گی جبکہ باقی رقم 2028 میں ادا کی جائے گی۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ اگر مزید متاثرین اس معاہدے میں شامل ہوئے تو مجموعی رقم 7 ارب ڈالر سے بھی بڑھ سکتی ہے۔

واضح رہے کہ جانسن اینڈ جانسن نے 2020 میں امریکہ میں ٹیلک پر مبنی بیبی پاؤڈر کی فروخت بند کر دی تھی اور اس کی جگہ کارن اسٹارچ سے تیار کیا گیا بیبی پاؤڈر متعارف کرا دیا تھا۔

یہ قانونی تنازع تقریباً 10 سال سے جاری تھا، اور نیا معاہدہ صرف موجودہ مقدمات پر لاگو ہوگا، مستقبل میں دائر ہونے والے مقدمات اس کا حصہ نہیں ہوں گے۔

ویب سائٹ |  متعلقہ پوسٹ