کرک: پولیس فائرنگ سے 6 سالہ بچہ جاں بحق، ایس ایچ او گرفتار
محمد ابرار خٹک
خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے ٹیری میں پولیس کی فائرنگ سے 6 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی ۔ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب پولیس نے معمول کے مطابق ٹیری بائی پاس پر ناکہ لگا رکھا تھا۔
پولیس کے مطابق ایک موٹر کار کو روکنے کا اشارہ دیا گیا لیکن گاڑی نہ رکنے پر پولیس اہلکار نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار 6 سالہ اویس قرنی جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ زخمی شخص اور بچے کی لاش کو فوری طور پر ٹیری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعہ کے بعد علاقے میں احتجاج شروع ہوگیا۔ مشتعل مظاہرین نے تھانہ ٹیری کا گھیراؤ کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس نے بلا جواز فائرنگ کی اور ایک معصوم جان لی، جو کہ کھلی دہشتگردی ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور مقتول بچے کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
ڈی پی او کرک شہباز الٰہی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ “یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔”
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ میں ملوث تھانہ ٹیری کے ایس ایچ او حکیم خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب مظاہرین اور پولیس انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔ زخمی شخص کی مدعیت میں تھانہ ٹیری میں پولیس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جبکہ مقتول بچے کی نمازِ جنازہ رات گئے ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مرکزی ملزم سابق ایس ایچ او حکیم خان کو اج جوڈیشل مجسٹریٹ بانڈہ داؤد شاہ کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے پولیس کی درخواست پر ملزم حکیم خان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد فاروق نے ریمارکس دیے کہ اگر مزید تفتیش کی ضرورت پیش آئی تو قانون کے مطابق مزید ریمانڈ دیا جا سکتا ہے۔

ابرار خٹک
ابرار خٹک ضلع کرک کے رہائشی اور جیو نیوز کے ساتھ بطور رپورٹر منسلک ہیں۔ وہ قومی چینل کے ساتھ ساتھ فری لانسر کے طور پر رپورٹنگ کرتے ہیں۔ 2017 سے عملی صحافت میں خدمات سرانجام دینے والے محمد ابرار خٹک نے 2023 میں خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک سے جرنلزم میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔