باڑہ میں تیراہ کی صورتحال پر مشاورتی اجلاس، گرینڈ جرگے کا اعلان

باڑہ میں تیراہ کی صورتحال پر مشاورتی اجلاس، گرینڈ جرگے کا اعلان

عمر فاروق

تیراہ میں حالیہ دنوں کے دوران امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر باڑہ اور تیراہ کے قبائلی مشران، سیاسی رہنماؤں، بلدیاتی نمائندگان اور سول سوسائٹی کے اراکین کا ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان آفریدی نے کی، جبکہ تیراہ اور باڑہ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بااثر مشران اور نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ حالات میں کسی قسم کی نقل مکانی نہیں کی جائے گی اور نہ ہی کوئی مسلح لشکر بندی ہوگی۔ شرکاء نے واضح کیا کہ تیراہ اور باڑہ ایک جسم کے دو حصے ہیں، جن کا دکھ سکھ، امن و بدامنی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جُڑی ہوئی ہے۔ اس موقع پر قومی روایات اور قبائلی اقدار کو سیاسی مفادات پر ترجیح دینے پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اگر علاقے میں بدامنی یا فوجی کارروائی کی کوئی صورت پیدا ہوتی ہے تو قبائل پرامن مذاکرات اور مشترکہ حکمت عملی کو ترجیح دیں گے۔ شرکاء نے کہا کہ قبائلی عوام کو درپیش مسائل کا حل بات چیت، اتحاد اور دور اندیش فیصلوں میں ہے۔

مشاورتی عمل کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 15 جون 2025 کو باڑہ میں ایک گرینڈ جرگہ بلانے کا اعلان بھی کیا گیا، جس میں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ جرگے کا مقصد پائیدار امن کے لیے لائحہ عمل طے کرنا، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی حکمت عملی اپنانا اور ریاستی اداروں کو قبائلی مؤقف سے آگاہ کرنا ہوگا۔

یہ گرینڈ جرگہ علاقے میں امن، اتحاد اور استحکام کی طرف ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مقامی آبادی کی تشویشات کو اجتماعی طور پر سنا اور حل کیا جا سکے گا۔

عمر فاروق
متعلقہ پوسٹ

عمر فاروق وائس اف امریکہ اردو سروس، فرینٹئر پوسٹ، اردو نیوز اور دیگر قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ گزشتہ 11 سال سے صحافتی خدمات سر انجام دے رہے ہیں وہ خیبر پختون خواہ میں انویسٹیگیٹو اور ملٹی میڈیا جرنلزم کے ماہر سمجھے جاتے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے