کرک: اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی، محکمہ صحت کے گریڈ 19 کے افسر گرفتار

کرک: اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی، محکمہ صحت کے گریڈ 19 کے افسر گرفتار

محکمہ اینٹی کرپشن نے کرپشن کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والے افسر، ڈاکٹر حلیم الرحمن، گریڈ 19 کے سینئر ڈاکٹر ہیں اور ٹائپ ڈی ہسپتال کرک میں بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (MS) خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ ان کی گرفتاری اس وقت عمل میں لائی گئی جب عدالت نے ان کی جانب سے دائر کردہ عبوری ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم پر مالی بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری فنڈز میں خورد برد کے سنگین الزامات ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر حلیم الرحمن نے جولائی 2023 سے مئی 2024 کے درمیانی عرصے میں سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ اس کے علاوہ، ان پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے اپنے خلاف ثبوت مٹانے کی غرض سے ہسپتال کا اہم سرکاری ریکارڈ بھی غائب کر دیا ہے۔

عدالتی کارروائی کے دوران ضمانت خارج ہونے پر اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ملزم کو احاطہ عدالت سے حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کیس میں مزید انکشافات کی توقع ہے اور غائب شدہ ریکارڈ کی برآمدگی کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ بدعنوانی کے اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

ویب سائٹ |  متعلقہ پوسٹ