چارسدہ میں پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر ڈریگن بوٹ مقابلے تنازع کا شکار
چارسدہ: پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے چارسدہ میں منعقد ہونے والے ڈریگن بوٹ مقابلے انتظامی بے ضابطگیوں اور غیر واضح نتائج کے باعث تنازع کا شکار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق مقابلوں میں مجموعی طور پر 12 ٹیموں نے حصہ لیا، تاہم حیران کن طور پر تمام 12 ٹیموں کو ہی فاتح قرار دے دیا گیا۔ شرکاء کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 4 ٹیمیں، دوسرے مرحلے میں 8 ٹیمیں جبکہ فائنل مرحلے میں تمام 12 ٹیمیں کامیاب قرار پائیں، جس کے باعث مقابلے کے اصل فاتح کا تعین نہ ہو سکا۔
کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں تین روز تک پریکٹس کروائی گئی، تاہم ایونٹ کے دوران نہ مناسب کھانے پینے کا انتظام کیا گیا اور نہ ہی وعدہ کیے گئے مالی معاوضے ادا کیے گئے۔ کھلاڑیوں کے مطابق انہیں فی کس دو ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو تاحال پورا نہیں کیا گیا۔
ذرائع سے معلوم ہوا کہ ڈریگن بوٹ کی تقریب کے لئے منظمین کو پندرہ لاکھ روپے حکام کی جانب سے دئیے گئے تھے لیکن اتنے پیسوں کے باجود بھی انتظامات نامکمل تھے اور کھلاڑی مایوس ہو کر چلے گئے۔
شرکاء کا مزید کہنا ہے کہ مقابلوں کے اختتام پر ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے گئے، تاہم بعد ازاں انتظامیہ اور متعلقہ ادارے کے نمائندے وہی ٹرافیاں اور میڈلز واپس اپنے ساتھ لے گئے۔
کھلاڑیوں نے اس صورتحال پر شدید حیرت اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ واقعے کی وضاحت کرے، وعدہ شدہ معاوضے ادا کیے جائیں اور مقابلوں کے نتائج سے متعلق حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔
دوسری جانب ایونٹ انتظامیہ یا متعلقہ حکام کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔