پولیس سہولت مرکز کا قیام، عوام کیلئے کتنا فائدہ مند ہے؟
انیس ٹکر
چارسدہ میں پہلی بار پولیس کے زیر انتظام شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کا پولیس سہولت مرکز بنایا گیا۔ ہر قسم کے دستاویزات کی تصدیق، بھتہ خوری کی شکایت درج کروانے، چوری شدہ گاڑی کے بارے میں رپورٹنگ، کریکٹر سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور کرایہ دار کی رجسٹریشن کے لیے ایک ہی ونڈو کی سہولت موجود ہے۔
پولیس فیسیلیٹیشن سنٹر کے محرر جہانگیر خان بتاتے ہیں کہ یہ سنٹر اس لئے بنایا گیا ہے کہ اگر کسی کو ذاتی قانونی دستاویزات کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش ہے تو وہ اسے ایک ہی چھت کے نیچے فائل کرے گا اور تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس سہولت مرکز سے کریکٹر سرٹیفکیٹ، سیکیورٹی کلیئرنس اور چوری شدہ گاڑیوں کی تصدیق، چوری، گمشدہ افراد، گمشدہ اشیاء اور دستاویزات کی رپورٹس، بھتہ خوری کی شکایات، شناختی کارڈ کی تصدیق، کرایہ دار کی رجسٹریشن اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء سمیت خدمات فراہم کرکے سہولت فراہم کرتی ہے۔
جہانگیر خان نے مزید بتایا کہ شکایت کنندہ یا دستاویزات حاصل کرنے والے افراد کو یہاں پر کوئی پریشانی نہیں ہے کیونکہ ہم نے اپنے عملے میں ایک افسر لیا ہے جس کا کردار عوام کو رکاوٹوں کے اندر اپنا کام کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ عوام “مسائل منٹوں میں حل ہو جاتے ہیں”۔
عوام کو استفادہ ہو رہا ہے؟
جہانگیر خان نے بتایا کہ پولیس سہولت مرکز پر عوام کا اعتماد بحال ہے اور اسکا ثبوت یہ ہے کہ پچھلے 45 دنوں میں ہماری ٹیم نے تین ہزار سے زیادہ لوگوں کے شکایات حل کئے ہیں اور بہت سارے لوگوں کو کریکٹر سرٹیفیکٹس، دستاویزات کی تصدیق، ڈرائیونگ لائسنس اور کرایہ دار کی رجسٹریشن جیسے سہولیات مہیا کر چکے ہیں.
خواتین کے لئے زنانہ ڈیسک اور پردے کا انتظام
پولیس سہولت مرکز میں ایک مخصوص خواتین کی میز بھی دکھائی دے رہی تھی جہاں مردوں کو جانے کی اجازت نہیں تھی۔ وہاں ایک سینئر لیڈی پولیس اہلکار بیٹھی ہوتی ہے جو خواتین کی شکایات سن رہی ہے۔
وہاں پر ایک خاتون پولیس اہلکار خواتین کی شکایات سننے کے بعد خود جا کر مختلف ڈیسک سے وہی مسئلہ حل کرا دیتی ہے جس سے خواتین کو انتہائی اطمینان کا احساس ہوتا ہے۔
خواتین کی پاسپورٹ یا دیگر ذاتی کاغذات گمشدگی کی صورت میں مرکز میں موجود ریکارڈ رجسٹر میں ان سے انٹری لی جاتی ہے اور پھر ان کے لئے فارم بھروایا جاتا ہے جس کے بعد وہی پر مسئلے بیٹھے بیٹھے حل ہوجاتا ہے۔
پولیس سہولت مرکز کے برانچز کا قیام
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مسعود احمد بنگش نے میڈیا کو بتایا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس کی ہدایت کے مطابق خیبرپختونخوا میں قائم کیے گئے پہلے پولیس سہولت سینٹر کا یہ ماڈل چارسدہ میں تیار کیا گیا ہے اور بتدریج اس سہولت کو دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال یہ مرکز ضلع چارسدہ کے تمام تحصیلوں کے لئے خدمات سر انجام دے گا اور تینوں تحصیلوں کے لوگ ان سے استفادہ کر سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہیں کہ ہم تمام تحصیلوں میں پولیس سہولت مرکز بنائے تاکہ عوام کو اسانی میسر ہو.