صوابی: واپڈا اہلکاروں پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ، احتجاج کے دوران صوبے بھر میں بجلی بند کرنے کی دھمکی
صوابی: صوابی کے علاقے مانیری نواب بانڈہ میں واپڈا اہلکاروں پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک لائن مین جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق، واپڈا اہلکار علاقے میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے جب نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں لائن مین کامران موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ ایک اور لائن مین حسن محمد اور ایک راہگیر نعمان زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال صوابی منتقل کردیا گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد پیسکو صوابی نے احتجاجی طور پر مانیری میں بجلی کی فراہمی معطل کردی ہے۔ پیسکو کے ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ جب تک ملزمان گرفتار نہیں ہوتے، علاقے میں بجلی بحال نہیں کی جائے گی۔
فائرنگ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ مظاہرین نے امن چوک میں جاں بحق ہونے والے اہلکار کی لاش رکھ کر دھرنا دیا اور مردان، ٹوپی اور جہانگیرہ روڈ کو بند کردیا۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر شام تک ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو پہلے صوابی اور پھر پورے صوبے کی بجلی بند کر دی جائے گی۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں۔
پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں، تاہم ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ عوامی حلقے واپڈا اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔