خیبر پختونخوا میں اسموگ اور دھند کی شدت بڑھنے کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کا مراسلہ جاری

خیبر پختونخوا میں اسموگ اور دھند کی شدت بڑھنے کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کا مراسلہ جاری

پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور دھند کی شدت میں اضافے سے متعلق نیا موسمی انتباہ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق صوبے میں جاری خشک سردی اور نمی کی کمی کے باعث فضائی آلودگی جَمع ہو رہی ہے، جس سے اسموگ بڑھنے اور حدِ نگاہ مزید کم ہونے کا خطرہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پشاور، چارسدہ، صوابی، مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت زیریں اضلاع میں اسموگ کی موجودہ صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ حکام کے مطابق رات اور صبح کے اوقات میں ایم ون موٹروے اور جی ٹی روڈ پر فوگ اور اسموگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے جبکہ ڈرائیورز کو انتہائی احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عوامی آگاہی مہم، ٹریفک مینجمنٹ، صنعتی دھویں کی روک تھام اور کھلے عام کوڑا کرکٹ جلانے کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق اسموگ میں اضافہ سانس اور دمہ کے مریضوں کے لیے نہایت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے متعلقہ محکمے اسپتالوں میں ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنائیں۔

پی ڈی ایم اے نے اسکولوں میں اسموگ سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ بچے اور والدین دونوں اس صورتحال سے متعلق ضروری معلومات حاصل کرسکیں۔ اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

احتیاطی تدابیر:
پی ڈی ایم اے نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں، اسموگ سے بچاؤ کے لیے این 95 یا کے این 95 ماسک کا استعمال کریں، گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں، موم بتیاں اور لکڑی جلانے سے اجتناب کریں، جبکہ بزرگ اور بچے خصوصی احتیاط کریں۔ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے شہریوں سے کار پولنگ اور پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔

ویب سائٹ |  متعلقہ پوسٹ