مردان ایم ایم سی ہسپتال سے نومولود بچے کی اغواء کی کوشش ناکام، خاتون گرفتار
سید فضل اللہ
مردان:مردان میڈیکل کمپلیکس میں نومولود بچے کو اغواء کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ہسپتال انتظامیہ اور سیکیورٹی عملے کی بروقت کارروائی سے مبینہ خاتون اغواء کار کو گرفتار کرکے بچہ بازیاب کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لیبر روم میں نومولود کی پیدائش کے بعد بچے کو مجوزہ پروٹوکول کے تحت رشتہ دار کے حوالے کیا گیا۔ رشتہ دار خاتون بچے کو ہائی ڈپنڈنسی یونٹ میں چارپائی پر لٹا کر کچھ دیر کے لیے باہر گئی، اسی دوران وہاں موجود ایک دوسری عورت نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بچہ اٹھا لیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔

نومولود کے رشتہ داروں کی بروقت اطلاع پر ہسپتال انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تمام داخلی و خارجی راستے بند کر دیے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے خاتون کی نشاندہی کرلی۔ سیکیورٹی انچارج اے ایس آئی آمرالملک، تاج نبی اور دیگر اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے ہسپتال کے حادثات گیٹ پر مبینہ خاتون اغواء کار کو گرفتار کرلیا اور بچہ بازیاب کرلیا۔
بازیاب نومولود کو رشتہ داروں کے حوالے کردیا گیا، جبکہ گرفتار خاتون تاج مینہ ساکن بغدادہ کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے
