قبائلی ضلع مہمند شاتی کور کے پہاڑوں پر رات کی تاریکی میں آگ بھڑک اٹھی، متعلقہ ادارے خاموش
مہمند: قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل حلیم زئی کے علاقے شاتی کور کے پہاڑوں پر رات کی تاریکی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جو کہ دوسرے علاقوں تک پھیلنے کا خطرہ ہیں. مقامی افراد کے مطابق آگ کی شدت کے باعث درختوں اور جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
مقامی لوگوں نے شکوہ کیا کہ کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی متعلقہ ادارے آگ بجھانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں اٹھا رہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر آگ پر قابو نہ پایا گیا تو یہ مزید علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے، جس سے ماحولیات اور مقامی وسائل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ریسکیو 1122 کی وضاحت
ریسکیو 1122 کے ترجمان بشارت حسین کے مطابق، ان کی ٹیم نے آگ پر قابو پانے کے لیے پولیس کنٹرول سے رابطہ کیا، لیکن پولیس نے علاقے میں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر فوری کارروائی کرنے سے انکار کر دیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ “ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ صبح ہوتے ہی علاقے میں جا کر آگ بجھانے کی کوشش کریں گے۔”
مقامی لوگوں کا مطالبہ
شاتی کور کے عوام نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جدید مشینری اور عملے کے ذریعے آگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ قدرتی وسائل کی حفاظت اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ذمہ دار اداروں کو فوری طور پر حرکت میں آنا چاہیے۔
ماحولیاتی خطرات
ماہرین کے مطابق ایسے واقعات ماحولیاتی توازن کے لیے نہایت خطرناک ہیں۔ آگ کی وجہ سے نہ صرف جنگلات کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ جنگلی حیات اور مقامی معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔