ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر بھائی نے بہن کو بے دردی سے قتل کر دیا
صوابی: سوشل میڈیا کے جنون نے ایک اور افسوسناک واقعے کو جنم دیا جب ضلع صوابی کے علاقے تور ڈھیر میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر بھائی نے اپنی نوجوان بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پولیس کو ایک ماہ قبل ایک نامعلوم لڑکی کی لاش ملی تھی جو مقامی نہر میں پائی گئی تھی۔ ابتدا میں یہ واقعہ ایک اندھا کیس سمجھا جا رہا تھا تاہم پولیس کی جانب سے جاری تفتیش میں چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم ابو مبصر جو مقتولہ کا بھائی ہے، نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اسے اپنی بہن کے ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر شدید غصہ تھا۔ غیرت کے نام پر اس نے طیش میں آ کر بہن کو قتل کر دیا اور پھر جرم کو چھپانے کے لیے لاش نہر میں پھینک دی۔
پولیس نے کامیاب تفتیش کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ اس واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑا دی ہے جہاں سوشل میڈیا کے استعمال اور خاندانوں کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
یہ واقعہ اس بات کا عکاس ہے کہ کس طرح سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال اور سماجی دباؤ خاندانوں کے اندر نفرت اور دشمنی کو جنم دے سکتا ہے جس کا انجام بعض اوقات ایسے المناک واقعات کی صورت میں سامنے آتا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش میں مزید پیش رفت متوقع ہے جبکہ علاقے کے لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے بجائے مسائل کو سمجھداری اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے حل کریں۔