مردان کے رہائشی شاہ نسیم کا اغواء: تاوان کا مطالبہ اور بیوی کی فریاد
مردان: مردان کے علاقے باڑی چم کے رہائشی شاہ نسیم کو مبینہ طور پر سندھ کے ڈاکوؤں نے اغواء کر لیا ہے۔ مغوی کی اہلیہ نے بیان دیا ہے کہ ان کے شوہر گزشتہ ایک ماہ سے لاپتہ ہیں، اور اغواء کاروں نے ان کی بازیابی کے لیے 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔
مغوی کی اہلیہ نے بتایا کہ شاہ نسیم روزگاری کے سلسلے میں گھر سے نکلے تھے لیکن پھر واپس نہیں آئے۔ ان کا کہنا ہے کہ فون کالز پر باتیں کرنے والے لوگ اپنا پتہ سندھ بتاتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے پاس تاوان کی رقم ادا کرنے کے وسائل نہیں ہیں اور حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔
شاہ نسیم کی گمشدگی کے حوالے سے 6 اگست کو مقامی تھانے میں رپورٹ درج کی گئی تھی، لیکن پولیس ابھی تک مغوی کا کوئی سراغ نہیں لگا سکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی رپورٹ پر روزنامچہ درج کیا گیا ہے، تاہم انہیں اغواء کے بارے میں علم نہیں ہے۔
مغوی کی اہلیہ نے وزیراعلی سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے شوہر کی بازیابی میں مدد کریں اور ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کریں