ملاکنڈ کے علاقے طوطہ کان میں تیرہ سالہ بچے سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ
ملاکنڈ: ملاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ کے نواحی علاقے طوطہ کان میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں چار درندہ صفت نوجوانوں نے تیرہ سالہ رومان خان کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس سنگین جرم کے بعد ملزمان نے بچے کو خوفزدہ کرنے کے لیے فائرنگ بھی کی۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر بچے نے اپنے گھروالوں کو آگاہ کیا، جس کے بعد لیویز پوسٹ قلنگئی میں چار ملزمان کے خلاف رپورٹ درج کرائی گئی۔ تاہم، افسوسناک طور پر اب تک صرف ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
علاقے میں موجود تمام اقوام پر مشتمل جرگہ نے اس اندوہناک واقعہ کی سخت مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ایسے درندہ صفت افراد کو قانونی کاروائی کے بعد علاقے سے بے دخل کیا جائے۔
مقامی لیویز تھانہ کے پوسٹ کمانڈر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دیگر ملزمان کی گرفتاری میں تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔