ایم پی اے کے پولیس اہلکاروں سے گالم گلوچ اور بدتمیزی کے واقعے کی پولیس رپورٹ سامنے آگئی

ایم پی اے عارف احمد زئی کے پولیس اہلکاروں سے گالم گلوچ اور بدتمیزی کے واقعے کی پولیس رپورٹ سامنے آگئی

چارسدہ : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ضلع چارسدہ کے علاقہ رجڑ میں منعقدہ عوامی جلسے کے دوران ایم پی اے عارف احمد زئی نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ گالم گلوچ اور بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا، جس کی تفصیلات تھانہ سٹی چارسدہ کی جانب سے جاری کردہ روزنامچہ رپورٹ میں سامنے آئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، جلسے کی سیکورٹی کے پیش نظر پہلے ہی طے پایا تھا کہ وی آئی پی گیٹ سے صرف وزیر اعلیٰ اور پہلے سے فہرست میں شامل منتخب نمائندگان ہی اندر جا سکیں گے۔ تاہم، جلسے کے دوران ایم پی اے عارف احمد زئی تقریباً 150 افراد کے ہمراہ وی آئی پی گیٹ پر پہنچے اور زبردستی اندر جانے کی کوشش کی۔

ڈیوٹی پر مامور پولیس اور اسپیشل برانچ کے اہلکاروں نے انہیں پہلے سے طے شدہ حفاظتی پروٹوکول کی وجہ سے روکا تو ایم پی اے صاحب مشتعل ہو گئے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کو گالم گلوچ کی اور نازیبا الفاظ استعمال کیے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ انہوں نے ڈی ایس پی آپریشنز زرداد خان کے ساتھ بھی بدتمیزی کی اور ان کی وردی پر ہاتھ ڈالا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ رویہ نہ صرف وزیر اعلیٰ کی سیکورٹی کے لیے خطرہ تھا بلکہ سرکاری فرائض میں انجام میں رکاوٹ کے مترادف تھا۔

اس واقعے کی تھانہ سٹی چارسدہ نے روزنامچہ میں اندراج کرتے ہوئے اعلیٰ افسران کو رپورٹ ارسال کر دی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس معاملے پر متعلقہ حلقوں کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے یا نہیں۔

ویب سائٹ |  متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے