زہریلا پانی پینے سے ماں اور دو کمسن بچے جاں بحق
سید فضل اللہ
چارسدہ: تھانہ مندنی کی حدود میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں مبینہ طور پر زہریلا پانی پینے سے ایک ماں اور اس کے دو کمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں پانچ سال سے کم بتائی جاتی ہیں۔
ڈی ایس پی تنگی کے مطابق ابتدائی معلومات کے تحت واقعہ میں دو بچے اور ان کی والدہ کی موت واقع ہوئی ہے۔ پولیس نے کھانے اور پانی کے نمونے حاصل کرلیے ہیں جبکہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر غفلت یا مجرمانہ فعل ثابت ہوا تو ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مقامی رہائشی نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز بچوں اور ماں نے کھانا کھایا اور اس کے بعد پانی پیا جس کے فوراً بعد ان کی حالت خراب ہوگئی۔ “بچوں نے کھانا کھانے کے بعد دل میں خراش محسوس کی تو ماں نے پانی پلایا، جس کے بعد حالت مزید بگڑ گئی۔” عینی شاہد کے مطابق حالت غیر ہونے پر ماں نے شوہر کو فون کیا لیکن ایک گھنٹے کے اندر اندر دونوں بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ والدہ بھی اگلے روز ہسپتال میں دم توڑ گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق بچوں کا پوسٹ مارٹم گزشتہ روز مکمل کرلیا گیا تھا جبکہ ماں کی موت آج ہسپتال میں ہوئی۔ اس اندوہناک واقعے کے باعث علاقے میں شدید سوگ کی فضا قائم ہے اور لوگ واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔