چارسدہ وکیل قتل کیس: نامزد ایس ایچ او بہرہ مند شاہ کو تین اکتوبر تک عبوری ضمانت

چارسدہ وکیل قتل کیس: نامزد ایس ایچ او بہرہ مند شاہ کو تین اکتوبر تک عبوری ضمانت

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے چارسدہ میں نوجوان وکیل کے قتل کیس میں نامزد ایس ایچ او بہرہ مند شاہ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے انہیں تین اکتوبر تک عبوری ضمانت دے دی۔ کیس کی سماعت جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال نے کی۔

عدالت میں سماعت کے دوران صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن امین الرحمان یوسفزئی، درخواست گزار کے وکیل شبیر حسین گگیانی اور ملزم ایس ایچ او بہرہ مند شاہ خود بھی پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل قتل کیس میں نامزد ہیں اور گرفتاری کا خدشہ ہے، لہٰذا عدالت سے عبوری ضمانت دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے مؤکل کو مقامی عدالت میں پیش ہونے پر خطرہ لاحق ہے، اسی وجہ سے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔ وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق کسی بھی ملزم کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی بھی فورم سے عبوری ضمانت کی درخواست دے سکتا ہے، یہ اس کا آئینی اور قانونی حق ہے۔

صدر پشاور ہائیکورٹ بار امین الرحمان یوسفزئی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم بہرہ مند شاہ کبھی سندھ اور کبھی لاہور ہائیکورٹ سے ضمانتیں لیتے رہے ہیں، لیکن انہوں نے عدالت کے سامنے یہ نہیں بتایا کہ وہ دیگر عدالتوں سے پہلے ہی ضمانتیں لے چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستیں چارسدہ سیشن کورٹ میں زیر سماعت ہیں، لہٰذا اس کیس کو بھی وہاں بھیجنا چاہیے۔

وکیل درخواست گزار شبیر حسین گگیانی نے اس مؤقف کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ صدر ہائیکورٹ بار نہ مدعی کے وکیل ہیں اور نہ ہی قانونی ورثاء کی نمائندگی کر رہے ہیں، اس لیے انہیں اس مقدمے میں “لوکس اسٹینڈائی” حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدعی یا قانونی ورثاء کی جانب سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا، لہٰذا اس معاملے میں صرف درخواست گزار کے مؤقف کو سنا جانا چاہیے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے مدعی اور متعلقہ حکام کو طلب کرلیا اور پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ بھی منگوا لیا۔ جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال نے عبوری طور پر ملزم بہرہ مند شاہ کو تین اکتوبر تک ضمانت دے دی اور ہدایت کی کہ وہ پولیس تفتیش میں شامل ہوں۔

چارسدہ کے ہائی پروفائل وکیل قتل کیس میں نامزد ایس ایچ او بہرہ مند شاہ کو فی الحال گرفتاری سے تحفظ 3 اکتوبر تک مل گیا ہے، جبکہ مقدمے کی مزید کارروائی آئندہ تاریخ پر متوقع ہے۔

ویب سائٹ |  متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے