چارسدہ: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی سرائے میں غیر معیاری اور سڑا ہوا گوشت و چکن فراہم کیے جانے کا انکشاف
سید فضل اللہ
چارسدہ: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال چارسدہ کی سرائے میں مسافروں کو سڑا ہوا چکن اور گوشت کھلانے کا انکشاف ہوا ہے۔

چارسدہ سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی صحافی نے سرائے کے کچن کا اچانک دورہ کیا، جہاں موجود باورچی نے بتایا کہ آج مینو میں چکن تیار کیا جا رہا ہے۔ صحافی نے جب چکن کا معائنہ کیا تو اس میں بدبو آ رہی تھی اور واضح طور پر وہ سڑا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔ ویڈیو فوٹیج میں گوشت کی خراب حالت بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ ( ویڈیو کی کاپی کے پی آبزرور کے ساتھ محفوظ ہے).
وہاں موجود سٹاف نے اس بات کی تصدیق کی کہ چکن سے بدبو آ رہی ہے اور کنٹریکٹر ہر تین دن بعد گوشت و چکن سپلائی کرتا ہے۔ صحافی نے جب فریج میں رکھے گئے گوشت کو دیکھا تو وہ بھی سیاہ پڑ چکا تھا جس سے گوشت کے خراب ہونے کی تصدیق ہوتی ہے۔ سٹاف نے دعویٰ کیا کہ ہسپتال میں بجلی نہ ہونے کے باعث گوشت خراب ہو جاتا ہے.

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے ذرائع نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال کو ایکسپریس لائن فراہم کی گئی ہے جس پر 24 گھنٹے بجلی دستیاب ہوتی ہے۔ اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ بجلی نہ ہونے کا بہانہ درست نہیں۔
ڈی او سوشل ویلفیئر چارسدہ عبدالقادر خان نے سوشل میڈیا پر وضاحتی بیان ( ویڈیو کی کاپی محفوظ ہے) جاری کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں ہمارا موقف لیے بغیر رپورٹ نشر کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرائے کے انچارج نے مجھے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ فریزر خراب ہونے کے باعث گوشت خراب ہوا ہے اور میں نے انچارج سے کہا تھا کہ اس بات کی تحریری اطلاع دیں تاکہ ثبوت موجود ہو۔
ڈی او کے مطابق گوشت تین دن پہلے منگوایا گیا تھا کیونکہ منگل اور بدھ کو مارکیٹ میں تازہ گوشت دستیاب نہیں ہوتا، جبکہ ہمارے مینو میں ان دنوں گوشت شامل ہوتا ہے۔ اس وجہ سے گوشت پہلے سے خرید کر رکھا گیا تھا۔ تاہم خراب ہونے کی صورت میں کنٹریکٹر سے متبادل گوشت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جو ک بعد میں مہیا کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف سرائے بلکہ شیلٹر ہومز اور منشیات بحالی مراکز کو بھی خوراک کی فراہمی کے لیے چیک اینڈ بیلنس رکھتے ہیں اور اگر کسی سپلائی میں خرابی پائی جائے تو وہ مکمل طور پر واپس کر دی جاتی ہے۔
تاہم، چکن کے معاملے پر ڈی او نے کوئی واضح مؤقف نہیں دیا، جبکہ ویڈیو اور سٹاف کی گواہی سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ چکن بھی باسی اور خراب حالت میں پکانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

سٹاف اور ڈی او سوشل ویلفیئر کے بیانات میں تضاد پایا جا رہا ہے۔ سٹاف کا مؤقف ہے کہ بجلی خراب تھی، جبکہ ڈی او کا کہنا ہے کہ فریزر خراب تھا۔ تاہم، دورہ کرنے والے صحافی نے کے پی ابزروَر کو بتایا کہ فریزر درست حالت میں تھا، اور ویڈیو میں بھی فریزر صحیح کام کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔