سید فضل اللہ
چارسدہ : ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ میں یو این ویمن کے تعاون سے اینٹی ریپ کرائسس سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ یہ خیبرپختونخوا کا دوسرا ضلع ہے جہاں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے، اس سے قبل یہ پروگرام سوات میں شروع کیا گیا تھا۔
اس سیل کا قیام ریپ کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح اور متاثرہ خواتین کی مدد کے لیے عمل میں لایا گیا ہے، جو اکثر معاشرتی شرم، عزت اور خوف کے باعث سامنے نہیں آتیں یا کیسز کو پوشیدہ رکھا جاتا ہے۔
کرائسس سیل میں ماہر نفسیات، سائیکاٹرسٹ اور لیگل ایڈوائزرز موجود ہوں گے جو متاثرہ خواتین کو قانونی و نفسیاتی مدد فراہم کریں گے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سیل میں متاثرہ افراد کی مکمل پرائیویسی کا خیال رکھا جائے گا اور ان کا ریکارڈ محفوظ طریقے سے رکھا جائے گا۔
سیل میں ایک کنسرن ڈاکٹر، انچارج پولیس اور لیگل ایڈوائزر پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو متاثرہ افراد کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
حکام کے مطابق ماضی میں ریپ کیسز کی زیادہ تر تفتیش اور سزا نہ ہونے کی بڑی وجہ ریکارڈ کا فقدان تھا، لیکن اب متاثرہ خواتین کا مکمل ڈیٹا محفوظ رکھا جائے گا تاکہ انصاف کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔ جبکہ یہ سیل 24/7 چوبیس گھنٹے فعال رہے گا
افتتاحی تقریب میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، عدلیہ، وکلا، محکمہ صحت اور سماجی بہبود کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ DHQ ہسپتال نے اس اقدام کو جنسی تشدد کے خاتمے کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔
یو این ویمن خیبرپختونخوا کی صوبائی سربراہ زینب خان نے کہا کہ کرائسس سیل متاثرہ افراد کو فوری سہولیات کے ساتھ انصاف کی فراہمی میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے کہا کہ یہ سیل حکومت کے اس عزم کی عکاسی ہے کہ جنسی تشدد کے شکار افراد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ARCC نیٹ ورک کا آغاز 2023 میں کراچی سے ہوا تھا، جسے اب ملک بھر میں وسعت دی جا رہی ہے۔