خیبرپختونخوا کے سیاحتی اور حساس ضلع سوات میں کئی سال قبل خریدا گیا ارلی وارننگ سسٹم تاحال نصب نہ ہونے کا انکشاف

خیبرپختونخوا کے سیاحتی اور حساس ضلع سوات میں کئی سال قبل خریدا گیا ارلی وارننگ سسٹم تاحال نصب نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری پراونشل انسپکشن ٹیم نے سیکرٹری محکمہ آبپاشی کو باضابطہ خط لکھ کر وضاحت طلب کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا نے 2010 میں قدرتی آفات سے پیشگی خبردار کرنے کے لیے جدید ارلی وارننگ سسٹم خریدا تھا، جس کا مقصد ممکنہ سیلاب، بارش یا لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات سے بروقت آگاہ کرنا تھا۔ تاہم یہ نظام ابھی تک سوات میں نصب نہیں کیا جا سکا۔

محکمہ آبپاشی کے پلاننگ و مانیٹرنگ سیل نے پراونشل انسپکشن ٹیم کو ارسال کردہ جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سیکیورٹی پروٹوکولز کے باعث سسٹم کی تنصیب ممکن نہ ہو سکی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تنصیب کی جگہ اور نوعیت پر تحفظات ظاہر کیے تھے۔

پراونشل انسپکشن ٹیم نے اس معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تاخیر کو انتظامی غفلت قرار دیا ہے اور محکمہ آبپاشی سے فوری وضاحت اور سسٹم کی تنصیب یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سوات 2010 کے تباہ کن سیلاب کا سامنا کر چکا ہے، جس کے بعد ماہرین نے ارلی وارننگ سسٹم کو نہایت اہم قرار دیا تھا، مگر ایک دہائی گزرنے کے باوجود یہ نظام تاحال غیر فعال ہے۔

اس خبر کی زیادہ تر معلومات آج نیوز ویب سائٹ سے لی گئی ہیں

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے