تیراہ میدان سے نقل مکانی کے خلاف آفریدی قبائل کا گرینڈ جرگہ
خیبر: تیراہ میدان سے جبری نقل مکانی کے خدشے کے پیش نظر آفریدی قبائل نے باغ کے مقام پر ایک بڑا قبائلی جرگہ منعقد کیا، جس میں قبائلی عمائدین، سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔ جرگے کا مقصد سیکیورٹی اداروں کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کے تناظر میں علاقائی صورتِ حال پر مشاورت اور متفقہ موقف اختیار کرنا تھا۔
جرگے میں تحصیل چیئرمین باڑہ مفتی محمد کفیل آفریدی، جمعیت علمائے اسلام خیبر کے امیر مولانا حضرت خان منیب، اور وی سی چیئرمین محمد یوسف نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے قبائلی مشران اور علمائے کرام بھی موجود تھے، جنہوں نے عوامی تشویش کو آواز دی اور مقامی آبادی کو درپیش خطرات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے تیراہ کے مقامی باسیوں کو 5 جولائی تک علاقہ خالی کرنے کی ہدایت دی ہے، جس پر قبائلی برادری میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔ جرگے کے شرکاء نے اس اقدام کو عوامی امن اور روزمرہ زندگی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ جبری نقل مکانی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، اور عوام کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کیا جائے گا۔
جرگے کے اختتام پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 7 جولائی کو ایک اور گرینڈ جرگہ طلب کیا جائے گا، جس میں تمام قبیلوں کے مشران اور منتخب نمائندوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ آئندہ جرگے میں اجتماعی فیصلے کیے جائیں گے اور حکومتی و عسکری اداروں کو قبائلیوں کے مؤقف سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ امن و امان کی فضا کو قائم رکھتے ہوئے عوام کو دربدر ہونے سے بچایا جا سکے۔