باچا خان یونیورسٹی چارسدہ سے 139 ملازمیں فارغ

باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 139 ملازمین کو فارغ کر دیا گیا

انیس ٹکر

چارسدہ: (3 جولائی 2025) باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں یومیہ اجرت (کنٹیجنٹ پیڈ) پر کام کرنے والے متعدد ملازمین کو یونیورسٹی سروس سے فوری طور پر فارغ کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام باچا خان یونیورسٹی کے 8ویں سینٹ میں تشکیل دی گئی ہیومن ریسورس ریشنلائزیشن کمیٹی کی سفارشات کے تحت کیا گیا ہے۔ یہ سینٹ خیبر پختونخوا کے وزیر ہائر ایجوکیشن کی زیر صدارت 24 جولائی 2024 کو منعقد ہوا تھا۔

فارغ کیے گئے ملازمین میں انتظامی، تدریسی معاونت، تکنیکی اور سروسز کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ ان میں ایک اسسٹنٹ کنٹرولر، ایک سپرنٹنڈنٹ، ایک کنسلٹنٹ، دو کمپیوٹر آپریٹرز، چھ آفس اسسٹنٹس، ایک اسسٹنٹ وارڈن، تین لیب سپرنٹنڈنٹس، ایک اکاؤنٹنٹ، دس اپر ڈویژن کلرکس (U.D.C)، چار لیب سپروائزرز، ایک سینئر لوئر ڈویژن کلرک (Sr. L.D.C)، چالیس لوئر ڈویژن کلرکس (L.D.C)، چھ لیب اٹینڈنٹس، دس نائب قاصد، آٹھ مالی، پانچ اٹینڈنٹس، ایک کلینر، تین اسسٹنٹ کک، دو میٹ، ایک پلمبر، ایک پینٹر اور ایک میٹر ریڈر شامل ہیں۔ یہ تمام افراد مختلف شعبہ جات میں  خدمات انجام دے رہے تھے، مگر ایک ہی نوٹیفکیشن نے ان کے روزگار کا سلسلہ ختم کر دیا۔

فارغ کیے جانے والے افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یونیورسٹی کے متعلقہ شعبہ جات سے کلیئرنس کا عمل مکمل کریں۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی بقایا جات قابل ادائیگی ہیں تو ان کی ادائیگی کلیئرنس کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی مشروط ہوگی۔ باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے انتظامیہ نے نوٹیفکیشن مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد جاری کیا ہے۔

باچا خان یونیورسٹی چارسدہ سے جاری کردہ نوٹیفکیشن

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے