چارسدہ: ایف آر سی میں جعلسازی، بزرگ شہری کے خاندان میں تین افغان شامل
محبوب علی
چارسدہ کے علاقے ضیاء شہید گاؤں سے تعلق رکھنے والے بزرگ شہری عنایت اللہ بابا کے ساتھ سنگین جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے۔
عنایت اللہ بابا کے مطابق، اسے زکوٰۃ کی رقم دینے کا جھانسہ دے کر نادرا دفتر لے جایا گیا، جہاں اس کی لاعلمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاندانی ایف آر سی میں تین افغان شہریوں کو بطور بیٹے درج کر دیا گیا۔
یہ انکشاف اس وقت ہوا جب عنایت اللہ بابا کے حقیقی بیٹے نے ایف آر سی حاصل کی، جس پر تین اجنبی افراد کو بطور بھائی دیکھ کر وہ حیران رہ گیا۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ جعلسازوں نے 9 ہزار روپے زکوٰۃ دینے کا وعدہ کیا اور نادرا میں عملے کی ملی بھگت سے یہ دھوکہ دہی کی گئی۔
عنایت اللہ بابا نے بتایا کہ وہ ان افراد کو پہچانتے ہیں جو اس جعلسازی میں ملوث ہیں۔ انہوں نے سٹی تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا ہے، تاہم پانچ دن گزرنے کے باوجود پولیس نے تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا، جس پر انہوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ نادرا عملے سمیت اس فراڈ میں ملوث تمام افراد کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔