نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اے ایس آئی شہید
مردان: تخت بھائی سرکل کے ساڑوشاہ پولیس اسٹیشن کے گاروشاہ چوکی کے انچارج اے ایس آئی ولی محمد خان جانو کلے کے کھنڈرات میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔ زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر مردان کے ایم ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔
اطلاعات کے مطابق ولی محمد خان پولیس اہلکاروں کے ہمراہ مہتر روڈ غنڈی جانو کلے کے کھنڈرات کے قریب ناکہ بندی پر موجود تھے جب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے اے ایس آئی ولی محمد خان موقع پر شہید ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی تخت بھائی سرکل شکیل خان، ایس ایچ او اقبال حسین خان اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔