ضلع کرم میں دہشت گردی کا حملہ: پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار شہید
ضلع کرم: علاقہ سنٹرل کرم میں واقع مرغئے چینہ میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار، قوت خان، شہید ہو گئے جبکہ کانسٹیبل شہزاد زخمی ہو گئے ہیں۔
حملے کے دوران دہشت گردوں نے نہ صرف پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی بلکہ حملے کے بعد پولیس چیک پوسٹ کو بھی آگ لگا دی جس سے چیک پوسٹ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق، گزشتہ ایک ماہ سے سنٹرل کرم کے علاقے میں مسلسل دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، جنہوں نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے۔ اس تازہ ترین واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حملے کے محرکات اور حملہ آوروں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔ اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنائیں گے اور علاقے میں امن قائم کریں گے۔