خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
پشاور: خیبر پختونخوا، وفاقی دارالحکومت اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں 4 ستمبر کی شب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ 04 ستمبر 2025 کو رات 9 بج کر 56 منٹ پر آیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 111 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، ملاکنڈ، بونیر، لنڈی کوتل، اورکزئی، پاراچنار، ہنگو، سوات سمیت اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے دوران شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے مطابق ادارے کے تمام یونٹس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاہم اب تک کسی قسم کی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔