مردان میں فاریسٹ ایریاز کے قریب آتش بازی اور کیمپ فائر پر 3 ماہ کی پابندی،خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت کارروائی ہوگی
مردان : ڈپٹی کمشنر مردان، ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے جنگلات کے تحفظ اور ممکنہ آتش زدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ ان کی جانب سے فاریسٹ ایریاز اور ان کے اطراف میں آتش بازی، کیمپ فائر اور دیگر مشکوک سرگرمیوں پر دفعہ 144 کے تحت تین ماہ کے لیے مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

یہ فیصلہ ڈویژنل فارسٹ آفیسر مردان کی جانب سے موصول ہونے والی ایک اہم رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا ہے، جس میں واضح طور پر نشاندہی کی گئی کہ موسم گرما میں فاریسٹ ایریاز کے قریب انسانی سرگرمیوں کے باعث آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
یہ پابندی 2 مئی 2025 سے نافذ العمل ہو چکی ہے اور اگلے تین ماہ تک مؤثر رہے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر مردان نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس حکم پر سختی سے عمل کریں اور قدرتی وسائل کے تحفظ میں ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات نہ صرف ماحولیاتی توازن کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ ہمارے آنے والے نسلوں کا قیمتی اثاثہ بھی ہیں۔
عوامی حلقوں کی جانب سے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے اسے ایک بروقت اور مؤثر قدم قرار دیا جا رہا ہے۔