10 ماہ کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 573 اہلکاروں سمیت 924 افراد شہید، 341 دہشتگرد ہلاک

10 ماہ کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 573 اہلکاروں سمیت 924 افراد شہید، 341 دہشتگرد ہلاک

پشاور: گزشتہ 10 ماہ کے دوران ملک میں دہشتگردی کے 1566 واقعات میں 573 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 924 افراد شہید اور 341 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے دہشت گردی کے واقعات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

سال 2024 کے پہلے دس ماہ کے دوران ملک بھر میں دہشتگردی کے 1566 واقعات ہوئے، جن میں 924 افراد شہید اور 2121 زخمی ہوئے۔ اس دوران 12801 انٹیلیجنس کارروائیوں میں 341 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔

دستاویزات کے مطابق دہشتگردی کے واقعات میں 573 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 1353 زخمی ہوئے، جبکہ 351 عام شہری شہید اور 768 زخمی ہوئے۔

دستاویزات میں مزید بتایا گیا کہ 948 واقعات خیبر پختونخوا، 582 بلوچستان، 24 سندھ، 10 پنجاب اور 2 اسلام آباد میں پیش آئے۔

خیبر پختونخوا اور بلوچستان:

خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں مجموعی طور پر 583 افراد شہید اور 1375 زخمی ہوئے، جن میں 437 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 1059 زخمی ہوئے، جبکہ 146 عام شہری شہید اور 316 زخمی ہوئے۔

بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں 307 افراد شہید اور 644 زخمی ہوئے، جن میں 110 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 263 زخمی ہوئے، جبکہ 197 عام شہری شہید اور 381 زخمی ہوئے۔

سندھ اور پنجاب:

صوبہ سندھ میں دہشتگردی کے 24 واقعات میں 17 افراد شہید اور 38 زخمی ہوئے۔ ان میں 13 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 11 زخمی ہوئے، جبکہ 4 شہری شہید اور 27 زخمی ہوئے۔

پنجاب میں دہشتگردی کے 10 واقعات میں 16 افراد شہید اور 63 زخمی ہوئے۔ ان میں 13 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 19 زخمی ہوئے، جبکہ 3 شہری شہید اور 44 زخمی ہوئے۔

اسلام آباد:

وفاقی دارالحکومت میں دہشتگردی کے دو واقعات ہوئے، جن میں ایک شہری شہید اور ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوا۔

انٹیلیجنس کارروائیاں:

گزشتہ دس ماہ کے دوران 12801 انٹیلیجنس آپریشنز کیے گئے، جن میں 341 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث 800 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے 400 پنجاب، 203 خیبر پختونخوا، 173 بلوچستان، 21 سندھ اور 3 گلگت بلتستان سے گرفتار کیے گئے اور فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے۔

دہشتگرد تنظیموں کی مالی معاونت کے الزام میں 2466 افراد گرفتار کیے گئے، جبکہ 526 مجرموں کو سی ایف ٹی کے تحت سزا دی گئی۔ اس دوران دہشتگردوں سے منسلک 58 کروڑ روپے کی رقم بھی برآمد کی گئی۔

Website | + posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے