عوام کا احتجاج،پہلے سڑک، پھر پولیو

قبائلی ضلع مہمند میں اہم شاہراہ کی عدم تعمیر کے خلاف عوام کا احتجاج، پولیو مہم سے بائیکاٹ جاری

نادر شاہ

ضلع مہمند کے مختلف علاقوں کے عوام اہم شاہراہوں کی عدم تعمیر پر سراپا احتجاج ہیں۔ تحصیل حلیمزئی کے گاؤں سلطان خیل، باروخیل، سورڈاگ، اور پراتہ کے لوگوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پولیو مہم کا بائیکاٹ کیا، جو تیسرے روز میں داخل ہو چکا ہے۔

احتجاجی عوام کا کہنا ہے کہ چھ سال سے زیر التوا گورسل اور امبار شاہراہوں کے نہ بننے کی وجہ سے ان کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ مسلسل گرد و غبار کی وجہ سے علاقے میں سینے اور جلد کی مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کی صحت پر برا اثر پڑ رہا ہے۔

احتجاج کرنے والے عمائدین نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ مذاکرات کیے، تاہم یہ مذاکرات ناکام رہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک شاہراہوں پر تعمیراتی کام کا آغاز نہیں کیا جاتا، ان کا پولیو سے بائیکاٹ جاری رہے گا۔

وی سی چیئرمین اکبر علی نے اس حوالے سے کہا، “ہماری شاہراہیں کھنڈر کی شکل اختیار کر چکی ہیں اور ان پر سفر کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ جب تک ان شاہراہوں پر تعمیراتی عمل شروع نہیں ہوتا، ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔”

کمیٹی ممبران قاری ایاز خان اور دیگر نے بتایا کہ گورسل شاہراہ پر گزشتہ چھ سال سے تعمیراتی کام بند ہے، جس کی وجہ سے علاقے کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر شاہراہوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

Website | + posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے