کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، تری منگل میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے دو انتہائی مطلوب افراد جانبحق
پشاور: سیکورٹی ذرائع نے پیر کے دن دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ رات خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے حساس علاقے تری منگل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے دو انتہائی مطلوب شرپسندوں کو ہلاک کر دیا۔ دونوں شرپسند اس افسوسناک واقعے میں ملوث تھے جب 2023 میں اسکول کے اساتذہ کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلیجنس اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ مطلوب شرپسند واجد گل ولد فضل گل اور حافظ الرحمان ولد عبد الوکیل، دونوں ساکن کوٹری تری منگل بازار میں موجود ہیں۔ اطلاع پر فوری ردِ عمل دیتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی کوئیک ریسپانس ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شرپسندوں سے مقابلہ شروع ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں شرپسند مارے گئے۔
کارروائی کے دوران ایک مقامی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے جبکہ ایک سیکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوا جسے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے دونوں مطلوب افراد کے سروں کی قیمت جولائی 2024 میں مقرر کی تھی جو کہ پانچ، پانچ لاکھ روپے تھی۔ اس وقت کے سرکاری اعلان میں واجد گل، حافظ الرحمان اور تین دیگر شرپسندوں کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا اور ان کی گرفتاری میں مدد پر انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق تری منگل واقعے میں مجموعی طور پر پانچ افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ حالیہ کارروائی میں ان میں سے دو مارے گئے جبکہ باقی تین کی گرفتاری کے لیے سیکیورٹی اداروں کی کوششیں جاری ہیں۔