خیبرپختونخوا میں آسمانی بجلی گرنے سے 8 افراد متاثر، ایک شخص جانبحق، ایک درخت اور کشتی جل کر راکھ
سید فضل اللہ
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید ژالہ باری، بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ چارسدہ، صوابی اور مردان میں آسمانی بجلی گرنے، سڑک حادثات اور آگ لگنے کے واقعات رونما ہوئے،
چارسدہ کے تحصیل تنگی اور گرد و نواح میں شدید ژالہ باری کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ڈی ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال تنگی ڈاکٹر کاشف علی کے مطابق تنگی، کنیور اور جندی پل سے تعلق رکھنے والے 6 زخمیوں کو ایمرجنسی میں لایا گیا۔
زخمیوں میں زوجہ ظاہر اللہ، شامنصور، اور حسیب شامل ہیں جنہیں جسمانی چوٹیں آئی ہیں، جس کی عمر 16 ، 20 اور 40 سال ہیں جبکہ امین اللہ، دانیال اور توحیدہ کو برقی جھٹکے اور ذہنی دھچکا لگا۔ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر ہسپتال میں ابزرویشن پر رکھا گیا ہے۔ ڈی ایم ایس کے مطابق کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام افراد کی حالت تسلی بخش ہے۔
جندی کے رہائشی امین اللہ نے بتایا کہ وہ میر آباد سے واپسی پر ژالہ باری سے بچنے کے لیے درخت کے نیچے رکا، جہاں آسمانی بجلی گرنے سے وہ فضا میں اچھل کر نیچے گرا اور زخمی ہو گیا۔
دوسری جانب، ریسکیو 1122 چارسدہ کے مطابق قلعہ میرا جان کلی سرڈھیری میں آسمانی بجلی گرنے سے بجلی کے ٹرانسفارمر میں آگ بھڑک اٹھی۔ ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ جبکہ پشاور ایم ون موٹر وے پر چارسدہ کے قریب خراب موسم اور تیز رفتاری کے باعث ابراہیم نامی شخص کی گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔ ریسکیو 1122 نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی۔
ریسکیو1122 کے صوابی کے ترجمان کے مطابق علاقے ھنڈ میں دریائے سندھ پر موجود کشتی پر مقامی لوگوں کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے کشتی بان اقبال حسین جاں بحق ہو گیا جبکہ دو افراد ارشد اور جنید زخمی ہو گئے۔ لاش کو دریا سے نکال لیا گیا جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے باچا خان ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے میں دو دیگر افراد محفوظ رہے۔
ادھر مردان کی تحصیل رستم میں ٹائپ ڈی ہسپتال کے احاطے میں درخت پر آسمانی بجلی گرنے سے آگ بھڑک اٹھی، تاہم فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑے نقصان سے بچا لیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور درختوں یا کھلے میدانوں میں پناہ لینے سے گریز کریں۔