چارسدہ میں طوفانی بارشوں سے ایک نوجوان جاں بحق، پانچ زخمی

چارسدہ میں طوفانی بارشوں سے ایک نوجوان جاں بحق، پانچ زخمی

سید فضل اللہ

چارسدہ: گزشتہ رات چارسدہ میں طوفانی بارشوں کے باعث ایک نوجوان جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں چھتیں، چاردیواری اور درخت گرنے کے واقعات پیش آئے جس سے مجموعی طور پر پانچ افراد زخمی ہوئے۔ شدید بارشوں کے سبب کئی علاقوں میں آبادیوں کو نقصان پہنچا اور متعدد جانور بھی ہلاک ہو گئے۔ طوفان کی شدت کی وجہ سے بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں جس کی وجہ سے ضلع بھر میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق چارسدہ کے علاقے نستہ شاہ پسند کلی میں بھینسوں کے فارم کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں فارم کے مالک الطاف کے بیٹے اور دو مزدور زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ذوالفقار ولد افتخار (22 سال)، عباس ولد اسد (12 سال) اور مسعود ولد احسان گل (18 سال) شامل ہیں۔ ان افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ متاثرہ فارم میں 28 جانور دب گئے جن میں سے 2 بھینس ہلاک اور 8 شدید زخمی ہو گئیں۔ فارم مالک نے بتایا کہ فارم کی مالیت تقریباً 30 لاکھ روپے ہے اور ہر روز اس سے 30 ہزار روپے کی آمدن ہوتی تھی۔ انہوں نے سرکاری و فلاحی اداروں سے امداد کی اپیل کی ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ بارش اور طوفان کے دوران اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر روانہ کر دی گئیں اور ملبے تلے دبے افراد اور جانوروں کو نکالا گیا۔ تنگی میں ایک نوجوان جان بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اے ڈی سی چارسدہ آفس کے ترجمان کے مطابق، چارسدہ کے تین تحصیلوں میں بارشوں کے دوران مختلف واقعات پیش آئے ہیں۔ تحصیل چارسدہ میں بھینسوں کے فارم کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے اور کئی بھینسوں کو نقصان پہنچا۔ اور پڑانگ میں ایک گھر کی پختہ دیوار گر گئی، تحصیل تنگی میں 14 سالہ بچہ باپ کے ساتھ راستے پر جاتے ہوئے درخت گرنے سے جاں بحق ہوگیا۔ تحصیل شبقدر میں ایک گھر کا کچا دیوار گرنے کا واقعہ پیش آیا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بجلی کی فراہمی کی بحالی میں مشکلات کے پیش نظر، پیسکو کے ترجمان نے بتایا کہ بارش اور تیز ہواؤں سے درخت بجلی کی تاروں پر گر گئے جس کی وجہ سے ضلع بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ واپڈا کی ٹیمیں بجلی کی بحالی کے لئے کام کر رہی ہیں۔

غیر سرکاری تنظیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن چارسدہ کے چیئرمین نور حسین نے کہا کہ مقامی تنظیمیں امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں اور بجلی کی بحالی کے لئے درختوں کو تاروں سے ہٹانے میں معاونت فراہم کر رہی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے امدادی فراہمی کے لئے ڈیٹا جمع کر کے پی ڈی ایم اے کو ارسال کر دیا ہے۔ ایڈیشنل اسٹنٹ کمشنر چارسدہ وقاص الرحمان نے بتایا کہ نقصان کا ڈیٹا پی ڈی ایم اے کو بھیج دیا گیا ہے اور منظوری کے بعد متاثرہ افراد کو امدادی پیکج فراہم کیا جائے گا۔

Website | + posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *