باجوڑ سلارزئی کوہی قبائل کا گرینڈ جرگہ، علاقے میں سخت قوانین کا نفاذ

باجوڑ سلارزئی کوہی قبائل کا گرینڈ جرگہ، علاقے میں سخت قوانین کا نفاذ

باجوڑ: باجوڑ کے علاقے سلارزئی کوہی میں قبائل کا ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں علاقے کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سخت فیصلے کیے گئے ہیں۔ جرگے میں مشران اور نوجوانوں نے متفقہ طور پر ان قوانین کی منظوری دی جو علاقے کی حفاظت اور شرپسند عناصر کے خلاف کاروائی کے لیے نافذ کیے جائیں گے۔

جرگے کے فیصلے کے مطابق، شرپسندی یا کسی بھی قسم کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے گھروں کو مسمار کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ رات 9 بجے کے بعد علاقے میں گھومنے پھرنے پر پابندی ہوگی، اور اگر کوئی شخص رات کے وقت علاقے میں پایا گیا تو وہ اپنے نقصان کا خود ذمہ دار ہوگا۔

مزید برآں، جرگے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگر کسی نے علاقے میں چوری کی تو علاقے کے مشران اس سے بھاری جرمانہ وصول کریں گے اور اُسے علاقہ بدر بھی کریں گے۔ علاقے میں باہر سے آنے والے افراد کو رات کے وقت داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، اور اگر کوئی اجنبی شخص رات کے وقت علاقے میں پایا گیا تو اُسے حکومت کے حوالے کیا جائے گا۔

جرگے کے دیگر اہم فیصلوں میں یہ بھی شامل ہے کہ اگر علاقے کا کوئی شخص شرپسندی یا جرم میں ملوث پایا گیا اور حکومت نے اُسے گرفتار کیا، تو اُس کی ضمانت کوئی نہیں کرسکے گا۔ اگر کسی نے مجرم کی ضمانت کی تو اُسے بھی مجرم تصور کیا جائے گا۔

علاقے میں خوشیوں کے موقع پر فائرنگ اور آتش بازی پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ جرگے میں یہ بھی طے پایا کہ قاتل یا اجرتی قاتلوں کے ساتھ ملوث افراد کے گھروں کو مسمار کرکے انہیں ہمیشہ کے لیے علاقہ بدر کیا جائے گا، اور ایسے افراد کو پورے علاقے کا مشترکہ دشمن قرار دیا جائے گا۔

یہ فیصلے علاقے میں امن و امان کی بحالی اور شرپسند عناصر کے خاتمے کے لیے کیے گئے ہیں اور ان پر عمل درآمد کے لیے علاقے کے مشران اور نوجوان بھرپور طریقے سے تعاون کریں گے۔

Editor KP Observer
+ posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *