پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں اور اے سی سی ہولڈرز کو 31 مارچ 2025 تک ملک چھوڑنے کی ہدایت

پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں اور اے سی سی ہولڈرز کو 31 مارچ 2025 تک ملک چھوڑنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزارت داخلہ پاکستان نے افغان سٹیزن کارڈ (ACC) رکھنے والے افراد کو 31 مارچ 2025 تک ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔ حکومت کے غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے فیصلے کے تحت “غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی پروگرام (IFRP)” یکم نومبر 2023 سے نافذ العمل ہے، اور اب قومی قیادت نے اے سی سی ہولڈرز کی واپسی کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں اور اے سی سی ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 مارچ 2025 سے پہلے پاکستان سے رضاکارانہ طور پر چلے جائیں، بصورت دیگر یکم اپریل 2025 سے ان کی ملک بدری کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

حکومتی اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی باعزت واپسی کے لیے کافی وقت دیا جا چکا ہے اور اس عمل میں کسی کے ساتھ ناروا سلوک نہیں کیا جائے گا۔ مزید برآں، واپس جانے والے افراد کے لیے خوراک اور صحت کی سہولیات کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنے تمام وعدوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کر رہا ہے۔ تاہم، ملک میں رہنے کے خواہشمند افراد کو قانونی تقاضے پورے کرنے اور پاکستان کے آئین کے مطابق چلنا ہوگا۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق 6 مارچ 2025 تک 8 لاکھ 68 ہزار 871 غیر قانونی افغان باشندے پاکستان چھوڑ چکے ہیں، اور یہ عمل مسلسل جاری ہے۔ یاد رہے کہ حکومت نے 15 ستمبر 2023 کو غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کے مستقبل سے متعلق اس فیصلے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوگئی ہے، جبکہ سرحدی علاقوں میں واپسی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Website |  + posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *